لوئر کرم

لوئر کرم میں حکومت کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ

آپریشن کے متاثرین کے لیے لوئر کرم کے علاقے ٹل اور ہنگو میں ٹی ڈی پیز کیمپ قائم کیے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری۔

حکومت نے خیبر پختونخوا کے ضم ضلع کرم کے علاقے لوئر کرم میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کر لیا اور مقامی انتظامیہ نے کیمپ قائم کرنے کے لیے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ضلع کرم گوہر زمان وزیر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور متاثرین کے لیے ٹل اور ہنگو میں ٹی ڈی پیز کیمپ قائم کیے جائیں گے۔

ٹی ڈی پیز کیمپ قائم کرنے کے لیے صوبائی ریلیف کو خط بھیج دیا گیا ہے، آپریشن سے متاثر ہونے والے شہریوں کے لیے ٹل ڈگری کالج، ٹیکنیکل کالج، ریسکیو1122 اور عدالت کی عمارت میں کیمپس قائم ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع کرم میں دوران آپریشن آبادی کے تحفظ کے لیے کیمپ قائم کیے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں ایک کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق کرم کے کشیدہ حالات کے پیش نظر نقل مکانی کرنے والوں کے لیے متاثرین کیمپس قائم ہوں گے اور اس کے لیے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ٹل، سابقہ ووکیشنل سینٹر ٹل اور گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول محمد خواجہ کے ساتھ ساتھ دوسرے مقامات کا جائزہ لیا گیا ہے۔

دستیاب خالی کلاس رومز کا جائزہ لیا گیا جو متاثرین کی عارضی رہائش کے لیے موزوں قرار دیے گئے، ٹی ایم اے ٹل کو صفائی اور متعلقہ محکمہ جات کو بروقت ممکنہ سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے احکامات جاری کر دئیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر گوہر زمان وزیر کے مطابق ضلعی انتظامیہ ہنگو ضلع کرم کے بے گھر اور متاثرہ خاندانوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ کرم میں گزشتہ روز قافلے پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید ہو گئے اور فائرنگ کے وقت ٹرک ڈرائیورز لاپتا ہو گئے تھے، جن میں سے چار کی لاشیں بعد میں ملی جبکہ سیکیورٹی فورسز نے کرم میں کرفیو نافذ کر دیا تھا۔

ضلع بھر میں کرفیو نافذ کر کے سیکیورٹی فورسز نے پوزیشن سنبھال لی تھیں اور علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے گشت بھی جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں