تہران

تہران میں سپریم کورٹ کی عمارت کے باہر فائرنگ کے نتیجہ میں 2 جج قتل

ایران کے دارالحکومت تہران میں سپریم کورٹ کی عمارت کے باہر فائرنگ میں 3 ججوں کو نشانہ بنایا گیا، حملہ آور نے خود کو بھی ہلاک کر لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا کہ ایرانی عدلیہ کی ویب سائٹ میزان آن لائن نے بتایا ہے کہ تہران میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعہ میں سپریم کورٹ کے تین ججوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے واقعہ میں 3 میں سے 2 جج موقع پر ہی شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔ حملہ آور نے سپریم کورٹ کے باہر ججوں پر فائرنگ کرنے کے بعد خود کو بھی ہلاک کر لیا۔

اس حوالے سے ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے جج کا محافظ بھی زخمی ہوا ہے، تاحال ججوں کو قتل کیے جانے کی وجہ واضح نہیں ہو سکی ہے۔

اس افسوس ناک واقعہ میں عدلیہ نے مرنے والے ججوں کی شناخت آیت اللہ محمد مغیثی اور علی رازنی کے ناموں سے کی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والی ویب سائٹس نے کہا ہے کہ ماضی میں محمد مغیثی ان لوگوں کے مقدمات سے منسلک تھے جو ان سیاستدانوں کے مطابق سیاسی قیدی تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں