ایکسائز ڈیوٹی

ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں حکومت کے ریونیو میں 207 ارب روپے کا بڑا اضافہ

سرکاری دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت نے سال 2023-24 کے دوران ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 577 ارب روپے جمع کیے ہیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ایک دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت نے سال 2023-24 کے دوران 577 ارب روپے جمع کیے ہیں، اس طرح حکومت کے ریونیو میں 207 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

فنانس بل کے ذریعے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ایکٹ کے شیڈول میں ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔ دستاویز کے مطابق سگریٹس، سیمنٹ، مشروبات، ایئر ٹکٹ، کھاد پر ٹیکس ریونیو میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح پیٹرولیم ، دودھ، کریم، جوسز، سیرپ، الکوحل سے بھی ٹیکس وصولی بڑھ گئی ہے۔

اس حوالے سے ایف بی آر کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت 56 فیصد زیادہ ڈیوٹی وصول کی گئی ہے۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ سگریٹس پر ڈیوٹی 95 ارب اضافے سے 237 ارب روپے سے تجاوز کر گئی جبکہ سیمنٹ پر پہلے کے مقابلے میں 11.32 ارب زیادہ وصول کیے گئے جو مجموعی طور پر 77 ارب 71 کروڑ بنتی ہے۔

سوڈا واٹر مشروبات پر ٹیکس وصولی 113 فیصد اضافے سے 36.50 ارب، فضائی ٹکٹ پر ٹیکس وصولی 7.22 ارب اضافے سے 47 ارب، کھاد پر ایک سال میں 29 ارب روپے سے زیادہ ایکسائز ڈیوٹی وصول ہوئی ہے۔

اسی طرح دستاویز کے مطابق دودھ اور کریم کے استعمال میں اضافہ ہونے سے 5 ارب روپے کا ریونیو وصول کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں