حلف اٹھانے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خطاب: سخت اقدامات کے اعلانات
ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے 47 ویں صدر بن گئے اور انہوں نے حلف لینے کے بعد اپنے خطاب میں سخت اقدامات کے اعلانات کئے۔
امریکا، لاکھوں غیر قانونی تارکین بے دخل، پاناما کینال پر قبضہ، صرف مرد اور عورت تیسری کوئی جنس نہیں،
کوئی ملک ٹیکس سے مستثنیٰ نہیں، خلیج میکسیکو کا نام تبدیل، جنوبی سرحد پر نیشنل ایمرجنسی، ٹرمپ کے سخت اعلانات
انہوں نے کہا کہ امریکا سے لاکھوں غیر قانونی تارکین وطن بیدخل کریں گے، تمام ممالک پر ٹیکس ہوگا،
کوئی ملک ٹیکس سے مستثنیٰ نہیں ہوگا ، پاناما کینال پر واپس قبضہ لیں گے ،
انہوں نے خلیج میکسیکو کو خلیج امریکا بنانے اور جنوبی سرحد پر نیشنل ایمرجنسی اور قومی توانائی ہنگامی حالت نافذ کرنے کے اعلانات بھی کئے ۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکا پیرس ماحولیاتی معاہدے سے دستبردار ہوگا، حکومتی سنسرشپ ختم ہوگی،
سرکاری طور پر صرف مرد اور عورت 2 جینڈرز ہوں گے تیسری کوئی جنس نہیں، مریخ پر خلائی مشن اور خلاء نورد بھیجیں جائیں گے.
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی پناہ اور پیدائشی حق کی شہریت اب رد کی جائے گی، خدا نے مجھے اس لئے محفوظ رکھا کہ امریکا کو پھر سے عظیم بناؤں گا،
عوام پر ٹیکس کم اور مہنگائی ختم ہوگی، امریکا کے دشمنوں کو شکست دیں گے۔
انہوں نے بائیڈن دور پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا تعلیمی نظام ملک سے نفرت سکھا رہا ہے، محکمہ انصاف سے کرپشن کا صفایا کردونگا،
بنیاد پرست اور بدعنوان اسٹیبلشمنٹ نے ہمارے شہریوں سے دولت چھین لی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور دیگر عالمی رہنماؤں نے صدر ٹرمپ کو مبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں۔
حلف برداری کی تقریب میں سابق صدور بل کلنٹن اور ان کی اہلیہ ہیلری کلنٹن، جارج بش اور ان کی اہلیہ اور بارک اوباما بھی شریک رہے۔
اس کے علاہ برطانیہ کے سابق وزیراعظم بورس جانسن، دنیا کے امیر ترین آدمی ایلون مسک، میٹا کے مالک مارک زکر برگ، گوگل کے چیف ایگزیکٹیو اور دیگر بھی تقریب میں موجود تھے۔
قبل ازیں، نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اہلیہ کے ساتھ وائٹ ہاؤس پہنچے تھے، جہاں جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ نے ڈونلڈ ٹرمپ اور میلانیا کا استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے بطور امریکی صدر دوسری مدت کے لیے حلف اٹھالیا،
انہوں نے خطاب میں امیگریشن قوانین، گرین پالیسی کے خاتمے، خام تیل کی پیداوار بڑھانے اور
دیگر ممالک پر ٹیکس و ٹیرف عائد کرنے سمیت دیگر اقدامات کے حوالے سے فوری احکامات جاری کرنے کا وعدہ کیا۔
دوسری دفعہ امریکی صدر منتخب ہونے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا میں سنہرے دور کا آج سے آغاز ہو گیا ہے،
آج سے ہمارا ملک ترقی کی نئی منازل طے کرے گا، اور دنیا بھر میں دوبارہ اس کی عزت کرائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی ملک کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہمارا فائدہ اٹھائیں،
ٹرمپ انتظامیہ میں ہر ایک دن میں ’امریکا سب سے پہلے‘ کے نظریے پر کار بند رہیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ قانون کی بالادستی اور ملک کا تحفظ یقینی بنائیں گے،
مزید کہا کہ ہماری ’اولین ترجیح‘ ایک آزاد، قابل فخر اور خوشحال قوم بنانا ہے، امریکا جلد ہی پہلے سے زیادہ طاقتور، مضبوط اور غیر معمولی ہو جائے گا۔