وزیراعلیٰ پنجاب آسان کاروبار سکیم کیلئے 84 ارب روپے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب آسان کارڈ سکیم کیلئے 48 ارب روپے سے زائد رقم مختص۔
وزیراعلیٰ پنجاب آسان کاروبار فنانس سکیم کے تحت 36 ارب سے زائد بلا سود قرض فراہم کیا جائیگا، فنانس سکیم میں 10لاکھ سے 3کروڑ روپے کے بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔
قرض 5 سال کی آسان قسطوں میں واپس کیا جائے گا، 25 سے 55 سال تک کے پنجاب کے رہائشی مرد و خواتین، ٹرانسجینڈرز اور خصوصی افراد قرض کے لئے اپلائی کرنے کے اہل ہوں گے۔
قرض لینے کیلئے ایکٹیو فائلر ہونا ضروری اور کسی بھی مالیاتی ادارے کا ڈیفالٹر نہ ہونا اہلیت قرار دیا گیا ہے، اس فنانس سکیم کے لئے گھر بیٹھے آن لائن درخواست اور تفصیلات کیلئے ویب پورٹل پر اپلائی کیا جا سکتا ہے۔
کارڈ سکیم میں سٹارٹ اپ اور چھوٹے کاروبار کیلئے 10 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرض دیئے جائیں گے، کارڈ سکیم کے تحت قرض 3سال میں آسان اقساط میں ادا کیا جا سکتا ہے جبکہ خام مال کی خریداری پر وینڈر کو ادائیگی کی جا سکے گی ۔
کارڈ سکیم کے ذریعے سرکاری فیس، ٹیکس اور یوٹیلیٹی بل کی ادائیگی ممکن ہو گی ، کارڈ سکیم کے ذریعے 25 فیصد تک کیش بھی نکلوایا جا سکتا ہے ،وزیر اعلی مریم نواز کی ہدایت پر خصوصی ٹال فری نمبر 1786 بھی فعال کردیا گیا۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے اس حوالے سے کہا کہ نوجوانوں کو خود روزگار کی طرف گامزن کرنا چاہتے ہیں، تعلیم کے بعد روزگار کے مواقع فراہم کرنا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے، پنجاب کا ہرنوجوان معیشت کی بہتری میں آسان کاروبار سکیم کے ذریعے بھرپور کردار ادا کرے گا۔