امریکی امدادی پروگرام

امریکی امدادی پروگرام عارضی طور پر معطل، کیا عالمی طاقت معاشی مسائل سے دوچار؟

امریکا نے اخراجات اور بجٹ خسارہ کم کرنے کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے امریکی امدادی پروگرام عارضی طور پر معطل کر دیئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق تقریبا تمام غیر ملکی امریکی امدادی پروگرام عارضی طور پر معطل کر دیئے گئے ہیں، معطل کئے جانے والے پروگراموں میں یوکرین، تائیوان اور اردن کی امداد کا پروگرام بھی شامل ہے۔

یہ تمام امدادی پروگرام ابتدائی طورپر 90 روز کیلئے معطل کئے گئے ہیں، صرف اسرائیل اور مصر کو استثنی حاصل رہے گا۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکا کے تمام سفارتی اور قونصل مشنز کو محکمہ خارجہ کی جانب سے حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تمام امدادی پروگرام فوری طورپر معطل کر دیں اور اس ضمن میں تمام کام بھی فوری بند کر دیئے جائیں۔

ان پروگراموں کا جائزہ لے کر ان میں تبدیلی یا مکمل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ وزیر خارجہ مارکو روبیو ذاتی طور پر کریں گے۔ محکمہ خارجہ نے تاحال اس خبرکی تصدیق نہیں کی، تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق خبر سے امریکی محکمہ خارجہ کے ملازمین میں کھلبلی مچ گئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق اس حکمنامے کا اطلاق پہلے سے منظور شدہ تمام پروگراموں پر ہو گا، تاہم اتنا ضرور کہا گیا ہے کہ ہنگامی طورپر غذائی امداد اور چند دیگر امور جاری رکھے جا سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق ابھی تک واضح نہیں ہو سکا کہ عالمی طاقت بڑے معاشی مسائل سے دوچار ہو چکی ہے یا وجہ کچھ اور ہے تاہم امدادی پروگرام معطل کئے جانے کی وجہ سے بہت سارے سوالات سامنے آ رہے ہیں.

ذرائع کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ملازمین میں بھی اس فیصلے کی وجہ سے سخت تشویش پائی جا رہی ہے تاہم ان امدادی پروگراموں کے حوالے سے کوئی بھی حتمی فیصلہ 90 روز کے بعد ہی سامنے آئے گا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں