وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ امریکا میں کسی بھی چین مخالف تقریب میں شرکت نہیں کی، مخالفین زہریلا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔
ہیوسٹن میں میڈیا سے اہم گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ نوجوانوں کی تقریب میں ان کی شرکت کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے لیکن کسی بھی چین مخالف تقریب میں نہیں گیا۔
اس قسم کے پروپیگنڈے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔انہوں نے واضح کیا کہ ان کے دورہ امریکا کا مقصد دہشت گردی کے خلاف ایک موثر حکمت عملی ترتیب دینا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی صرف پاکستان کی جنگ نہیں بلکہ یہ سب کی مشترکہ لڑائی ہے اور پاکستان کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔
ان کا دورہ امریکا سیاستدانوں سے ملاقاتوں پر مشتمل ہے جن کا مقصد دہشت گردی کے خلاف مل کر ایک موثر پلان بنانا ہے۔ امریکا کے ایوان نمائندگان کو پاکستان کے خلاف اکسایا جا رہا ہے لیکن سیاست اس حد تک نہیں ہونی چاہیے کہ پاکستان کو نقصان ہو۔
انہوں نے کانگریس اراکین کے ساتھ ملاقاتوں کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے مختلف پہلوں پر بات چیت کی گئی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے زور دیا کہ پاکستان کے مسائل کے حل کے لیے عالمی برادری کا تعاون ضروری ہے۔