پاکستان 2035 تک ایک ہزار ارب ڈالر کی معیشت بن سکتا ہے، اس ہدف کیلئے سالانہ 7 فیصد کی شرح نمو سے ترقی کرنا ہو گی، عالمی بینک
عالمی بینک کے جنوبی ایشیا کیلئے نائب صدر مارٹن ریزر کا کہنا ہے کہ پاکستان 2035 تک ایک ہزار ارب ڈالر کی معیشت بننے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے، تاہم ہدف حاصل کرنے کے لیے پاکستان کو سالانہ 7 فیصد کی شرح نمو سے ترقی کرنا ہو گی۔
مارٹن ریزر نے حکومت کے معاشی بحالی کے 5 سالہ منصوبے کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کو 2035 تک 1 ٹریلین ڈالر کی معیشت بننے کے لیے معاشی اصلاحات پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ناگزیر ہو گا۔
ورلڈ بینک نے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت پاکستان کو 10سال میں 20 ارب ڈالر کے قرضے یا مالی تعاون کی یقین دہانی کرانے سے قبل حزب اختلاف سمیت سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا۔
اس کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت ورلڈ بینک نے پاکستان کو قرضے یا مالی تعاون کی جو یقین دہانی کرائی ہے وہ ایک تخمینہ ہے مگر پاکستان مختلف پروگرامز کے تحت رعایتی قرضے بھی حاصل کر سکتا ہے۔
غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے کئے گئے سوال کے جواب میں مارٹن ریزر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنے موجودہ وسائل پر توجہ دینی چاہئے جس کے نتیجہ میں معاشی حالت بہت جلد بہتری کی طرف گامزن ہو سکتی ہے.
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس بہت سارے ایسے مواقع ہیں جن سے وہ مزید سرمایہ کاری کو راغب کر سکتا ہے۔