خاور مانیکا نے 13 جولائی 2024 کا ایڈیشنل سیشن جج کا عدت نکاح کیس میں عمران اور بشریٰ کی بریت کا فیصلہ چیلنج کر رکھا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق خاتون اول بشری بی بی کی بریت کے خلاف خاور مانیکا کی اپیل کل سماعت کے لیے مقرر کر دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں تعینات ہونے والے نئے جج جسٹس اعظم خان کل سماعت کریں گے، خاور مانیکا نے 13 جولائی 2024کا ایڈیشنل سیشن جج کا بریت کا فیصلہ چیلنج کرتے ہوئے اپیل میں ایڈیشنل سیشن جج کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کر رکھی ہے۔
یاد رہے کہ ایڈیشنل سیشن جج نے 13 جولائی 2024 کو بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کو اس کیس میں بری کر دیا تھا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے عدت کے دوران نکاح کیس میں عمران خان اور بشری بی بی کی سزا کے خلاف اپیلیں منظور کر کے انہیں باعزت بری کر دیا تھا۔
اس سے قبل سینئر سول جج قدرت اللہ نے اڈیالہ جیل میں اس کیس میں عمران خان اور بشری بی بی کو 7، 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کی طرف سے وکیل سلمان اکرم راجا اور بشری بی بی کی جانب سے وکیل عثمان ریاض گل نے استغاثہ کے گواہوں پر جرح کی تھی۔
گواہوں میں خاور مانیکا، عون چوپدری، نکاح خواں مفتی سعید اور ملازم لطیف عدالت میں پیش ہوئے تھے۔