جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ ملٹری ٹرائل کیس کے حوالے سے انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کر رہا ہے۔
ملٹری ٹرائل کیس کے حوالے سے انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کے دوران جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس میں کہا ہے کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ آئین سے منافی کوئی قانون برقرار نہیں رہ سکتا۔
سابق چیف جسٹس، جسٹس جواد ایس خواجہ کے وکیل خواجہ احمد حسین نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ عام سویلین ملٹری ایکٹ کا سبجیکٹ نہیں، افواج پاکستان کے سول ملازمین پر آرمی ایکٹ کا اطلاق ہوتا ہے۔
جس پر جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کہ کیا ایئر بیسز پر حملہ کرنے پر آرمی ایکٹ کا اطلاق ہوتا ہے؟ جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا کہ آرمی پبلک سکول پر دہشت گرد انہ حملہ ہوا اور 9 مئی پر احتجاج ہوا دونوں واقعات کے سویلین میں کیا فرق ہے؟
وکیل احمد حسین نے جواب دیا کہ آرمی پبلک سکول پر دہشت گردی کا حملہ ہوا، اے پی ایس واقعہ کے بعد 21 ویں ترمیم کی گئی جس پر جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس میں کہا کہ اے پی ایس میں سارے سویلین بچے مارے گئے، ایڈووکیٹ خواجہ احمد حسین نے جواب دیا کہ ہمارا مقدمہ آئین سے باہر نہیں ہے، 9 مئی والوں کا ٹرائل ہو لیکن ملٹری نہیں۔
اس موقع پر آئینی بنچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس میں کہا کہ اس میں کوئی دوسری رائے نہیں کہ آئین سے منافی قانون برقرار نہیں رہ سکتا۔
وکیل خواجہ احمد حسین نے 9 مئی پر افواج پاکستان کے اعلامیہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس پی آر نے 9 مئی واقعہ پر 15 مئی کو اعلامیہ جاری کیا جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ کو اعلامیہ پر اعتراض ہے؟
وکیل خواجہ احمد حسین نے جواب دیا کہ میرا اعلامیہ پر کوئی اعتراض نہیں، اعلامیہ میں کہا گیا 9 مئی پر پورے ادارہ میں دکھ اور درد پایا جاتا ہے، 9 مئی کے نا قابل تردید شواہد موجود ہیں، کور کمانڈر اجلاس اعلامیہ کے بعد ملٹری ٹرائل میں فیئر ٹرائل کیسے مل سکتا ہے؟ جو خود متاثرہ ہو وہ شفاف ٹرائل نہیں دے سکتا۔
جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس میں کہا کہ ہمارے سامنے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی مثال موجود ہے، کلبھوشن یادیو کیس میں صرف افواج پاکستان ہی متاثرہ نہیں ہے، جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ آرمی ایکٹ کی شق ٹو ون ڈی ٹو کو کالعدم قرار دینے سے تو بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو جیسے واقعات میں ملٹری ٹرائل نہیں ہو سکے گا۔
ایڈووکیٹ خواجہ احمد حسین نے کہا کہ عدالتی فیصلے میں کلبھوشن یادیو پر بات نہیں کی گئی جس پر جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کہ مستقبل میں اگر کوئی ملک دشمن جاسوس پکڑا جائے تو اسکا ٹرائل کہاں ہوگا؟ خواجہ احمد حسین نے جواب دیا کہ اس کا ٹرائل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوگا۔
اس پر جسٹس حسن اظہر رضوی نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اچھا جی، جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ یہ عجیب بات ہے قانون کی شق کو کالعدم بھی قرار دیا جائے اور یہ بھی کہا جائے سپیشل ریمیڈی والوں کو استثنا ہے۔