علاقے بھر میں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حفاظتی انتظامات پہلے کی نسبت مزید سخت کیے جا رہے ہیں، انتظامیہ اپر کرم
اپر کرم میں دو قبائل کے درمیان جنگ بندی کے لیے آنے والے سرکاری قافلے پر فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر کرم زخمی ہوئے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر منان کو بوشہرہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے جنگ بندی کروا دی تھی لیکن دوسرے فریق سے بات چیت کے لیے جانے والے قافلے پر فائرنگ کی گئی ہے۔ فائرنگ کے نتیجہ میں سرکاری قافلے کی قیادت کرنے والے اسسٹنٹ کمشنر کرم منان زخمی ہو گئے۔
غلجو کلے کے ساتھ اسسٹنٹ کمشنر امن و امان قائم کرنے کے لیے بوشہرہ جا رہے تھے جن پر فتح کلے کی طرف سے فائرنگ کی گئی۔
ضلعی انتظامیہ کرم کا کہنا ہے کہ علاقے میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی انتظامات بڑھائے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب کوپاٹ میں کمشنر آفس میں جرگہ بھی ہو رہا ہے۔
اس کے علاوہ کرم میں پھنسے ہوئے 66 افراد کا کامیابی کے ساتھ انخلا کر لیا گیا۔ تری منگل میں مشران کی سفارش پر 66 افراد، بشمول خواتین و بچے محفوظ مقام پر منتقل کر دیے گئے۔
علاقے میں ہونے والے فسادات کی وجہ سے عوام پھنس گئے تھے، جن کی اب بازیابی عمل میں لائی گئی ہے۔