بانی تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے آرمی چیف کو خط لکھ دیا۔ فاصلے بڑھنے کی وجوہات بیان کی، بیرسٹر گوہر
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے آرمی چیف کو خط بطور سابق وزیر اعظم لکھا ہے، بانی کا خط پی ٹی آئی کا پالیسی شفٹ نہیں ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی نے خط میں فوج اور عوام کے درمیان فاصلے کی وجوہات بیان کی ہیں، بانی نے کہا ہے فوج اور عوام میں خلیج نہیں بڑھنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سپہ سالار سے پالیسیز پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے، بانی کا خط آج میڈیا کے سامنے آ جائے گا، عمران خان نے کہا کہ کمرہ عدالت میں 9 صحافیوں کو خط کی تفصیل بتائی ہے۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق بانی نے خط میں کہا ہے کہ افواج پاکستان بہت قربانیاں دے رہی ہے، بانی نے کہا کہ فراڈ الیکشن اور 26 ویں آئینی ترمیم وجوہات ہیں فوج اور عوام کے درمیان فاصلے کی، ساری چیزوں کا نزلہ فوج پر گر رہا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق خط میں عمران خان نے کہا ہم انتشار نہیں چاہتے، فوج ہماری ہے، بانی نے آرمی چیف کو اوپن لیٹر لکھا ہے۔