بھارت نے آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

دبئی ۔بھارت نے چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

چیمپیئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل دبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا نے ابتدائی بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو بڑا ہدف دینے میں ناکامی کا سامنا کیا اور پوری ٹیم اننگز کے آخری اوور میں 264 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت نے 48.1 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کر لیا۔

بھارت کی اننگز میں ویرات کوہلی نے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کی اور 84 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ شریاس آئیر نے 45، کے ایل راہول نے 42، روہت شرما اور ہاردک پانڈیا نے 28،28 رنز بنائے، جب کہ شُمبن گل صرف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

آسٹریلیا کی اننگز میں کپتان اسٹیو اسمتھ نے 73 رنز بنا کر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ایلکس کیری نے 61 اور اوپنر ٹریوس ہیڈ نے 39 رنز اسکور کیے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ جڈیجا اور ورون چکرورتی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ٹاس کے دوران، آسٹریلوی ٹیم کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ اس میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ چاہے ہم پہلے بیٹنگ کریں یا بولنگ، ہم بہترین کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں