گوادر ایئر پورٹ سے متعلق غیر ملکی میڈیا کا پراپیگنڈا بے نقاب

گوادر۔گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حوالے سے غیر ملکی میڈیا کا پراپیگنڈا بے نقاب ہو گیا۔

مغربی میڈیا نے گوادر ایئرپورٹ کے خلاف مہم شروع کی اور سی پیک کے بارے میں بھی جھوٹے بیانات دئیے، لیکن مقامی میڈیا نے اس پراپیگنڈے کو بے نقاب کرتے ہوئے بتایا کہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ مکمل طور پر فعال ہے۔

20 جنوری 2025 سے 26 فروری 2025 تک گوادر سے 42 پروازیں ہفتے میں تین دن آپریٹ ہوئیں۔ گوادر سے کراچی جانے والی پروازوں کی تعداد 14 تھی، جن میں 542 مسافروں نے سفر کیا۔ اسی طرح کراچی سے گوادر جانے والی 14 پروازوں میں 493 مسافروں نے استفادہ کیا۔

گوادر سے مسقط جانے والی 7 پروازوں سے 299 مسافر روانہ ہوئے، جبکہ مسقط سے گوادر آنے والی پروازوں کی تعداد بھی 7 تھی، جن میں 203 مسافر گوادر پہنچے۔

اس طرح، گوادر کے بین الاقوامی ایئرپورٹ سے مجموعی طور پر 1537 مسافروں نے سفر کیا، جو کہ گوادر کی ترقی کی نشاندہی کرتا ہے۔

اس رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد گوادر ایئرپورٹ کے خلاف پراپیگنڈا دم توڑ گیا، اور اس حقیقت کو جھٹلایا نہیں جا سکتا۔

یاد رہے کہ عالمی میڈیا نے گوادر ایئرپورٹ کے بارے میں یہ غلط معلومات دی تھیں کہ چین کے تعاون سے بننے والا ایئرپورٹ خالی پڑا ہے، جہاں نہ طیارے ہیں، نہ مسافر، اور نہ ہی سہولتیں موجود ہیں، اور پاک چین سی پیک منصوبہ ناکام ہو چکا ہے۔

پاکستان کے خلاف اس طرح کی عالمی خبریں بھارت نے بھی اپنے میڈیا پر نشر کیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں