سپریم کورٹ میں جمع کروائے گئے 190 ملین پاؤنڈز سے دانش یونیورسٹی بنائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد ۔وزیراعظم شہباز شریف نے 190 ملین پاؤنڈز کی رقم وفاقی حکومت کے حوالے کرنے پر چیف جسٹس آف پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس رقم سے اپلائیڈ سائنسز کی “دانش یونیورسٹی” کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔

دانش یونیورسٹی آف اپلائیڈ اینڈ ایمرجنگ سائنسز کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یونیورسٹی میں طلباء کو اعلیٰ معیار کی تحقیق پر مبنی تعلیم فراہم کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا، “آج پاکستان کی تاریخ کا ایک سنگ میل ہے، 190 ملین پاؤنڈز جو کہ بدعنوانی کے ذریعے غلط اکاؤنٹس میں منتقل کیے گئے تھے، اب حکومت پاکستان کے اکاؤنٹ میں واپس آ گئے ہیں۔”

اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ چیف جسٹس نے کہا ہے کہ حکومت اس پیسے کو عوامی فائدے کے لیے استعمال کر سکتی ہے، اور دانش یونیورسٹی کو ایک ایسا ادارہ بنایا جائے گا جو دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرے گا۔

وزیراعظم نے منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے مکمل توجہ دینے کی تاکید کی اور کہا کہ دانش یونیورسٹی کے لیے تخمینہ 190 ملین پاؤنڈز ہے۔ یہ منصوبہ دانش سکولوں کے بعد حکومت کا ایک اور اہم قدم ہوگا، اور پاکستان میں اس طرز کا ادارہ پہلی بار قائم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے لیے ماہر اساتذہ اور فیکلٹی کی بھرتی کی جائے گی اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تعیناتی کے لیے سرچ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی کے لیے زمین سیکٹر ایچ 16 میں منتخب کی گئی ہے، اور اس کے امور “دانش ٹرسٹ” کے تحت چلائے جائیں گے تاکہ ادارہ مالی طور پر خودمختار ہو اور حکومتی مداخلت کم سے کم ہو۔

اس کے علاوہ، شگر، گلگت، اور باغ میں بھی دانش اسکولز کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا، اور آزاد جموں و کشمیر کے نیلم ویلی اور کراچی کے پسماندہ علاقوں میں بھی نئے دانش اسکولز قائم کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں