وزیراعظم کا ججہ گینگ کو گرفتار کرنے والی ٹیم کیلئے فی کس 10، 10 لاکھ روپے انعام

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلرز ملک کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اور یہ مکروہ دھندا ہر صورت ختم ہونا چاہیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایف آئی اے اور انٹیلی جنس بیورو کے افسران سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ججا گروہ کے سرغنہ، عثمان ججا، کی گرفتاری پر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیراعظم نے اس کامیابی پر ایف آئی اے اور آئی بی کے افسران و اہلکاروں کو 10، 10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔

یاد رہے کہ عثمان ججا 2024 میں یونان کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی اموات میں ملوث اہم کرداروں میں سے ایک تھا۔ وزیراعظم کو انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے جاری کارروائیوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے گفتگو کے دوران کہا کہ ججا گینگ کی گرفتاری قابل تعریف اقدام ہے، کیونکہ ایسے جرائم میں ملوث عناصر نہ صرف معصوم جانوں کے ضیاع کا سبب بنتے ہیں بلکہ پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ کو بھی داغدار کرتے ہیں۔ انہوں نے اداروں کو ہدایت دی کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف مزید سخت کارروائیاں کی جائیں تاکہ ایسے نیٹ ورکس کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ مجرم سینکڑوں بے گناہ افراد کی زندگیاں خطرے میں ڈال کر اپنی ناجائز کمائی کا دھندا چلاتے ہیں۔ اس مذموم فعل کی وجہ سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، اور یہ ایک ایسا ظلم ہے جس کی کوئی معافی نہیں۔ پاکستان کی بدنامی کا باعث بننے والے ان عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی ضروری ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انسانی اسمگلنگ جیسے گھناؤنے جرائم کے خاتمے کے لیے حکومت پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی کارروائیوں میں مزید تیزی لائیں اور ان مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عالمی ساکھ کو بہتر بنانے کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کرنے والے افسران نے ملک کے وقار میں اضافہ کیا ہے، اور وہ اس کامیابی پر پوری قوم کی جانب سے انہیں شاباش دیتے ہیں۔ متعلقہ ادارے اسی محنت اور لگن کے ساتھ اپنی کارکردگی جاری رکھیں، کیونکہ پوری قوم انسانی اسمگلنگ کے خلاف اس مہم میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں