ملکی سلامتی سے بڑھ کر کوئی تحریک، کوئی شخصیت نہیں، یک زبان ہوکر بیانیہ بنانا ہوگا، آرمی چیف

اسلام آباد ۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملک کی حفاظت سے بڑھ کر کوئی ایجنڈا نہیں، نہ کوئی تحریک ہے، نہ کوئی شخصیت۔

قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پائیدار استحکام کے لیے تمام قومی طاقت کے عناصر کو ہم آہنگی کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے، یہ ہماری اور ہماری آئندہ نسلوں کی بقا کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بہتر حکمرانی اور پاکستان کو ایک مضبوط ریاست بنانے کی ضرورت ہے، ہم کب تک ایک کمزور ریاست کی طرح بے شمار جانوں کی قربانیاں دیتے رہیں گے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہم حکومتی خلا کو کب تک افواج پاکستان اور شہداء کے خون سے پر کرتے رہیں گے؟ علماء سے درخواست کی کہ وہ خوارج کی جانب سے اسلام کی غلط تشریح کا پردہ فاش کریں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ ملک ہے تو ہم ہیں، اس لیے ملک کی حفاظت سے زیادہ ہمارے لیے کچھ نہیں، پاکستان کی سالمیت کے لیے ہمیں اپنے سیاسی اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر یک زبان ہو کر ایک مشترکہ موقف اپنانا ہوگا۔

آرمی چیف نے کہا کہ جو لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ پاکستان کو ان دہشت گردوں کے ذریعے کمزور کر سکتے ہیں، آج کا دن انہیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم متحد ہو کر نہ صرف ان دہشت گردوں بلکہ ان کے تمام مددگاروں کو بھی ناکام بنائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں