اسلام آباد۔سپریم کورٹ کے جسٹس جمال مندوخیل نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ حکومت کو چیتے کی رفتار سے چلنا چاہیے، مگر وہ کچھوے کی چال چل رہی ہے۔
موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی کے قیام کے کیس کی سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی آئینی بینچ نے کی۔ اس دوران جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ موسمیاتی تبدیلی ایک سنگین مسئلہ ہے۔ حکومت کو چیتے کی رفتار سے چلنا چاہیے لیکن وہ کچھوے کی چال چل رہی ہے۔
سماعت کے دوران، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین کی تعیناتی کے لیے تیسری بار اشتہار جاری کیا گیا ہے، جس پر جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ پہلے دو مرتبہ اشتہار دینے کا فائدہ کیوں نہیں ہوا؟
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے وضاحت دی کہ تین شارٹ لسٹ کیے گئے ناموں میں سے پہلے امیدوار کی دہری شہریت نکلی، جبکہ حکومتی پالیسی کے مطابق کسی اعلیٰ عہدے پر دہری شہریت رکھنے والے فرد کو تعینات نہیں کیا جا سکتا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ جس اعلیٰ معیار کا بندہ آپ ڈھونڈ رہے ہیں اس کے لیے کچھ تو کمپرومائز کرنا پڑے گا۔ اصل مسئلہ صوبوں کا ہے، وہاں اتھارٹی کام کیسے کرے گی؟ اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ صوبوں سے اتھارٹی کے ممبران کی تقرری ہو چکی ہے۔
جسٹس امین الدین نے ریمارکس دیے کہ کے پی کے سے فیصل امین کو ممبر موسمیاتی تبدیلی نامزد کیا گیا ہے، جو وزیراعلیٰ کے بھائی ہیں۔ بلوچستان سے یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو ممبر بنایا گیا ہے۔