سٹارلنک کو این او سی جاری؛ پاکستان سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی دنیا میں قدم رکھنے کو تیار

اسلام آباد۔ایلون مسک کی کمپنی اسٹار لنک کو این او سی ملنے کے بعد پاکستان سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے میدان میں قدم رکھنے کے لیے تیار ہے۔

پاکستان میں اسٹار لنک کے آپریشنز کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت پاکستان اسپیس ایکٹیوٹیز ریگولیٹری بورڈ نے کمپنی کو این او سی جاری کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، اسٹار لنک نے اسپیس ریگولیٹری بورڈ کے تمام مطلوبہ معیارات پورے کر لیے ہیں۔ وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد، اسپیس ریگولیٹری بورڈ نے این او سی جاری کیا، اور اب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) آئندہ دو ہفتوں میں کمپنی کو لائسنس جاری کرے گی۔

یہ بھی قابل ذکر ہے کہ اسٹار لنک پہلے ہی پی ٹی اے میں لائسنس کی درخواست جمع کرا چکی ہے اور اپنا تکنیکی و کاروباری منصوبہ بھی پیش کر چکی ہے۔ کمپنی نے پاکستان میں رجسٹریشن کے تین مراحل کامیابی سے مکمل کر لیے ہیں۔

ایلون مسک کی کمپنی اسٹار لنک نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ سے رجسٹریشن حاصل کر لی ہے۔ مزید برآں، کمپنی نے پاکستان اسپیس ایکٹیوٹیز ریگولیٹری بورڈ سے بھی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے، اور اب اسے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے حتمی منظوری درکار ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے لائسنس جاری کیے جانے کے بعد، کمپنی اپنی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کا آغاز کر سکے گی۔ اس وقت، پی ٹی اے کمپنی کی فراہم کردہ تمام دستاویزات کا جائزہ لے رہا ہے۔

اسٹار لنک کی خدمات پاکستان کے موجودہ نیٹ ورک انفراسٹرکچر میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں کریں گی۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان نے 2023 میں نیشنل سیٹلائٹ پالیسی متعارف کرائی تھی، جبکہ 2024 میں ملک میں اسپیس کمیونی کیشن کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اسپیس ایکٹیوٹیز رولز بھی نافذ کیے گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں