اسلام آباد۔وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی شاندار کارکردگی نے آئی ایم ایف کو حیران کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین مسلسل یہ تاثر دے رہے تھے کہ منی بجٹ متعارف کروایا جا رہا ہے، لیکن حالیہ مشکل معاشی حالات کے باوجود ایسا نہیں ہوا، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔
یہ بات انہوں نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیر اعظم نے وزیر خزانہ، سیکریٹری فنانس، نائب وزیر اعظم، وزیر منصوبہ بندی اور دیگر حکام کو مبارک باد دی اور کہا کہ اسٹاف لیول معاہدے کی کامیابی پوری ٹیم کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عام شہریوں نے شدید مشکلات کا سامنا کیا ہے، جن کی قربانیوں کو وہ خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جبکہ صوبوں نے زرعی ٹیکس کے نفاذ میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے گزشتہ سال 9 کھرب روپے کا ٹیکس ہدف دیا تھا، جبکہ اس سال یہ ہدف 12.9 کھرب روپے مقرر کیا گیا ہے، جو معیشت کے استحکام کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ٹیکس وصولی میں 26 فیصد اضافہ ہوا ہے اور وہ آئی ایم ایف کی جانب سے ٹیکس ہدف میں کمی کی پیشکش کو مسترد کر چکے ہیں، کیونکہ ایسا کرنا معیشت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا تھا۔