شرح سود میں مزید کمی متوقع، وزیراعظم بجلی کی قیمتوں میں ریلیف کا اعلان بھی جلد کریں گے، وزیر خزانہ

اسلام آباد ۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں شرح سود میں مزید کمی متوقع ہے، جبکہ وزیراعظم بجلی کی قیمتوں میں کمی کا جلد اعلان کریں گے۔

ایک انٹرویو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی معاشی اصلاحات پر توجہ مرکوز ہے اور آنے والے وفاقی بجٹ میں ٹیکس نیٹ کو وسعت دی جائے گی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس سے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو سہولت ملے گی اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

محمد اورنگزیب نے مہنگائی کے رجحان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی اور بنیادی مہنگائی کی سطح پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شرح سود میں مزید کمی ہوگی، جس سے اقتصادی ترقی کو مزید تقویت ملے گی۔

وزیر خزانہ نے اعلان کیا کہ پاکستان اس سال اپنا پہلا چینی یوان بانڈ جاری کرے گا، جس کی مالیت 200 سے 250 ملین ڈالر کے درمیان ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام امریکا، یورپ اور اسلامی سکوک کی روایتی منڈیوں سے ہٹ کر مالیاتی ذرائع کو متنوع بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے، تاکہ پاکستان چین کی کیپٹل مارکیٹ سے فائدہ اٹھا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں