میانمار زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 1000 سے متجاوز، بنکاک میں 30 منزلہ عمارت زمیں بوس

بینکاک۔میانمار میں 7.7 شدت کے زلزلے نے وسیع پیمانے پر تباہی پھیلادی، ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں جبکہ منزلہ عمارت زمین بو س ہوگئیں

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق زلزلے کا مرکز میانمار کے دوسرے بڑے شہر منڈلے کے نواح میں تھا، اور اس کی گہرائی زمین میں 10 کلومیٹر تک ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کے نتیجے میں متعدد رہائشی عمارتیں منہدم ہوگئیں، سیکڑوں افراد ملبے تلے دب گئے، اور شہری بنیادی ڈھانچہ شدید نقصان کا شکار ہوگیا۔

میانمار کی فوجی حکومت نے چھ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے عالمی برادری اور امدادی اداروں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

زلزلے میں ایک مسجد کا کچھ حصہ بھی گرگیا، جس کے نتیجے میں تین نمازی شہیداور کئی زخمی ہوگئے۔

امدادی سرگرمیوں کے دوران لاشیں برآمد ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرچکی ہے، جب کہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ تعداد ایک سے دس ہزار کے درمیان پہنچ سکتی ہے۔

بنکاک میں بھی بلند و بالا عمارتیں لرز اٹھیں، اور پرتعیش ہوٹلوں کی چھتوں پر موجود سوئمنگ پولز کا پانی آبشار کی طرح نیچے گرنے لگا۔

زلزلے کے نتیجے میں بنکاک میں ایک 30 منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی، جس میں کم از کم آٹھ افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، جبکہ 100 سے زائد افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں