اسلام آباد ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم، آرمی چیف اور تمام اسٹیک ہولڈرز قومی سلامتی کے معاملات پر مکمل ہم آہنگی رکھتے ہیں، اور کسی بھی فیصلے سے قبل تمام صوبوں سے مشاورت کی جائے گی۔
محسن نقوی نے کاؤنٹر ٹیررازم کمیٹی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کی تنظیم نو کے بعد اسے نیشنل ریزرو پولیس میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارت خارجہ کے ذریعے افغان حکومت کے سامنے دہشت گردی کا معاملہ مزید مؤثر انداز میں اٹھایا جائے گا۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ نیشنل انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسسمنٹ سینٹرز کے قیام کی منظوری دی جا چکی ہے اور صوبوں میں اس پر کام جاری ہے۔
اجلاس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت تمام صوبوں کے سیکریٹریز داخلہ اور آئی جی پولیس نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔