اسلام آباد ۔پاکستان نے عالمی برادری سے دہشتگردوں کے قبضے میں موجود اسلحے کے خلاف عملی اقدامات کا مطالبہ کر دیا۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے آریا فارمولا اجلاس میں پاکستان نے نام نہاد بلوچ لبریشن آرمی، مجید بریگیڈ، اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان سمیت دیگر شدت پسند گروہوں کے جدید اور جان لیوا غیرقانونی اسلحے کے حصول اور اس کے استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مشن کے قونصلر، سید عاطف رضا نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد گروہوں کے قبضے میں وہ مہنگا اور خطرناک اسلحہ موجود ہے جو افغانستان میں پیچھے چھوڑ دیا گیا تھا۔ ان ہتھیاروں کی مالیت اربوں ڈالر ہے، اور یہ پاکستان کے عام شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے خلاف استعمال ہو رہے ہیں۔ ان دہشتگرد گروپوں کو ایک مخالف ملک کی طرف سے بیرونی امداد اور مالی معاونت بھی میسر ہے۔