قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے حج 2025 کے لیے اپنے قبل از حج پروازوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، جو اسلام آباد۔29 اپریل سے یکم جون تک جاری رہے گا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق اس عرصے میں مجموعی طور پر 280 خصوصی پروازوں کے ذریعے 56 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج کو سعودی عرب روانہ کیا جائے گا۔ ان میں 20 ہزار عازمین سرکاری حج اسکیم کے تحت، جبکہ 36 ہزار پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت پی آئی اے کی خدمات سے فائدہ اٹھائیں گے۔
حج پروازوں کے لیے بوئنگ 777 اور ایئربس A320 جیسے جدید طیارے استعمال کیے جائیں گے، تاکہ عازمین کو آرام دہ، محفوظ اور منظم سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 12 جون سے شروع ہو گا اور 10 جولائی تک جاری رہے گا، جس کے دوران سعودی عرب سے حاجیوں کی واپسی کے لیے مکمل فلائٹ پلان ترتیب دیا گیا ہے۔
ایئرلائن حکام کے مطابق حج آپریشن کی کامیاب تکمیل کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں وقت کی پابندی، بہتر سہولیات، اور عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔