اسلام آباد۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اب ایک نئے معاشی دور میں قدم رکھ رہا ہے، اور دیرپا اقتصادی استحکام کے لیے معدنی وسائل کا بھرپور استعمال ناگزیر ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ “پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025” سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں اور بین الاقوامی ادارے بھی پاکستان کی اقتصادی پیش رفت کا اعتراف کر رہے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی زمین قیمتی قدرتی خزانوں، بالخصوص سونے اور تانبے کے وسیع ذخائر سے مالا مال ہے۔ ان ذخائر کو کارآمد بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا ’ریسورس کوریڈور‘ عالمی سپلائی چین کو نئی جہت دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو غیر ملکی سرمایہ کاروں کو براہ راست متوجہ کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔