اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ فورم میں شرکت کرنے والے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فورم کا مقصد پاکستان کے معدنیاتی شعبے میں موجود بے پناہ مواقع کو دنیا کے سامنے لانا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی برادری پاکستان کے معدنی وسائل پر مکمل اعتماد رکھتی ہے۔
علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ حکومت کی موثر معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک میں اقتصادی استحکام آیا ہے، مہنگائی میں کمی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، جب کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے دنیا کی بہترین مارکیٹوں میں جگہ بنائی ہے۔ یہ کامیابیاں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہیں۔
وزیر پیٹرولیم نے عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موڈی اور فِچ جیسے ادارے بھی پاکستان کی معاشی کارکردگی کا اعتراف کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان معدنیات سے مالا مال سرزمین ہے، خاص طور پر بلوچستان کو اس شعبے میں مرکزی حیثیت حاصل ہے، جبکہ خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ اور آزاد کشمیر میں بھی قیمتی دھاتوں اور معدنیات کے وافر ذخائر موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے اور اس حوالے سے سرمایہ کار دوست قوانین متعارف کرائے جا رہے ہیں تاکہ بیرونی سرمایہ کاروں کو آسانیاں فراہم کی جا سکیں۔