اسلام آباد۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سرزمین قیمتی معدنی وسائل سے مالا مال ہے، جن کی مالیت کھربوں ڈالر تک جا پہنچتی ہے، اور ان وسائل کو مؤثر طور پر بروئے کار لا کر ملک کو قرضوں کے بوجھ سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ “پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025” سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ فورم معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ خیبر پختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے پہاڑی سلسلے وسیع معدنی ذخائر رکھتے ہیں، جبکہ سندھ اور پنجاب کی زمین بھی قدرتی خزانوں سے معمور ہے۔ اسی طرح آزاد کشمیر میں بھی بیش بہا وسائل چھپے ہوئے ہیں۔
وزیراعظم نے ریکوڈک منصوبے میں ہونے والی ترقی کو امید افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں معدنی ترقی سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ خطے میں معاشی بہتری بھی آئے گی۔ ان کے مطابق معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری تمام متعلقہ فریقین کے لیے نفع بخش ہے۔
انہوں نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو بے پناہ وسائل عطا کیے ہیں، جن میں دنیا کے بڑے کوئلے کے ذخائر بھی شامل ہیں۔ سندھ حکومت ان ذخائر کو استعمال میں لانے کے لیے سرگرم عمل ہے، جس سے درآمدی کوئلے پر انحصار کم کرکے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ممکن ہو رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے زور دیا کہ پاکستان کو صرف خام مال برآمد کرنے کے بجائے ویلیو ایڈیشن کے ذریعے تیار شدہ مصنوعات کی برآمد پر توجہ دینی ہوگی تاکہ ملکی برآمدات میں حقیقی اضافہ ممکن ہو۔
اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے فورم میں شرکت کرنے والے تمام مندوبین کو خوش آمدید کہا اور اس کامیاب تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے عالمی سرمایہ کاروں، بالخصوص خلیجی ممالک، چین، یورپ، امریکا اور دیگر خطوں سے تعلق رکھنے والے شرکاء کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔