چین میں ایک 26 سالہ نوجوان اُس وقت فالج کا شکار ہو گیا جب وہ گردن کی تکلیف سے نجات پانے کے لیے مساج کروانے گیا تھا۔
ژاؤ ژانگ، جو صوبہ ہینان کے شہر چانگشا کا رہائشی اور پیشے کے لحاظ سے سافٹ ویئر ڈیولپر ہے، روزانہ کئی گھنٹے کمپیوٹر پر کام کرنے کے باعث گردن کے درد میں مبتلا تھا۔ درد سے نجات کے لیے اس نے مقامی طور پر مشہور ایک مساج سینٹر کا رخ کیا۔
ابتداء میں مالش کا عمل معمول کے مطابق جاری رہا، تاہم دورانِ مساج تھراپسٹ کے زور سے دبانے پر ژاؤ نے گردن میں تیز درد اور سر میں اچانک تکلیف محسوس کی۔ اس نے ابتدا میں ان علامات کو زیادہ اہمیت نہ دی، مگر اگلی صبح وہ جسم کے بائیں حصے میں کمزوری، بے حسی اور بولنے میں دشواری کے ساتھ جاگا۔
فوری طور پر اسپتال پہنچنے پر ژاؤ کی حالت کی جانچ کی گئی، جہاں ڈاکٹرز نے اسے سیکنڈری سیریبرل انفارکشن (دماغی شریان میں رکاوٹ کے باعث فالج) قرار دیا۔
خوش قسمتی سے ژاؤ وقت پر طبی امداد حاصل کرنے میں کامیاب رہا، جس کے باعث مستقل نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔ اسپتال میں ماہرین نے اس کا علاج اینٹی کوگولیشن تھراپی، خون کے بہاؤ کی بہتری، اور فری ریڈیکلز کے خاتمے جیسے طریقوں سے کیا، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ گردن کی مالش احتیاط کے بغیر کرانا بعض اوقات خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، خصوصاً جب تھراپی دوران کسی حساس حصے پر غیر معمولی دباؤ ڈالا جائے۔