پشاور۔خیبرپختونخوا مائنز اینڈ منرلز ترمیمی بل پر پاکستان تحریکِ انصاف کے اعلیٰ سطحی رہنماؤں کے درمیان اختلافِ رائے سامنے آ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور پارٹی کے سینئر رکن عاطف خان کے درمیان اس معاملے پر پارٹی کے واٹس ایپ گروپ میں بحث ہوئی۔ عاطف خان نے پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے گروپ میں اس ترمیمی بل کی مخالفت کی۔
اطلاعات کے مطابق، عاطف خان کا مؤقف تھا کہ مجوزہ بل صوبے کے عوام کے مفاد کے خلاف ہے۔
جواب میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے گروپ میں سوال کیا کہ کیا عاطف خان نے بل کا مطالعہ کیا ہے؟ اور مزید کہا کہ اگر انگریزی پڑھنے میں دشواری ہے تو وہ بل کی اردو ترجمہ شدہ کاپی بھی فراہم کر سکتے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے اپنے موقف میں کہا کہ بل میں کوئی قابلِ اعتراض شق موجود نہیں، اور اصل مسئلہ دراصل ذاتی نوعیت کا معلوم ہوتا ہے۔
ذرائع کے مطابق، عاطف خان نے بعد ازاں اس گفتگو پر کوئی ردِعمل ظاہر نہیں کیا اور خاموشی اختیار کی۔