پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بیلا روس کے درمیان تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں، اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر ایک دوسرے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، خصوصاً زراعت اور صنعت کے میدان میں۔

یہ بات انہوں نے بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کے ساتھ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صدر لوکا شینکو کی قیادت میں بیلا روس نے قابلِ ذکر ترقی کی ہے، اور بیلا روس میں مقیم پاکستانی بھی اس ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے بیلا روسی قیادت کی جانب سے پرتپاک استقبال اور بہترین میزبانی پر شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ ان کے دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات پر مفید گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔

انہوں نے دارالحکومت منسک کی خوبصورتی کی بھی بھرپور تعریف کی۔

بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو نے پاکستانی وزیراعظم کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بیلا روس پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستان-بیلا روس بزنس فورم کے انعقاد کو باہمی تجارت کے فروغ کے لیے اہم قدم قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں