اعظم سواتی کی اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کی باتوں کا پی ٹی آئی سے تعلق نہیں، سلمان اکرم راجا

اسلام آباد۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے واضح کیا ہے کہ پارٹی رہنما اعظم سواتی کی اسٹیبلشمنٹ سے مبینہ ڈیل کے حوالے سے جو خبریں زیر گردش ہیں، ان کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، اور یہی ہماری جدوجہد کا مرکزی نکتہ ہے۔

سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو یہ گمان ہے کہ تحریک انصاف کسی خفیہ راستے سے معاملات طے کرنے کی کوشش کر رہی ہے تو یہ سراسر غلط فہمی ہے۔ تمام صورت حال اس وقت واضح ہوگی جب بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات ممکن بنائی جائے گی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان سے دانستہ ملاقات نہیں کرنے دی جا رہی تاکہ ابہام قائم رہے۔ ملاقات کے بعد ہی معلوم ہوگا کہ انہوں نے مذاکرات کے بارے میں کسی کو ہدایت دی ہے یا نہیں۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اعظم سواتی جو کچھ کہہ رہے ہیں وہ ان کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے، لیکن انہیں اسٹیبلشمنٹ سے کسی ممکنہ ڈیل کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک عمران خان سے براہ راست بات نہیں ہوتی، وہ اس حوالے سے کوئی مؤقف نہیں اپنا سکتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں