ایرانی حکومت پاکستانیوں کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے سزا دے، وزیراعظم

اسلام آباد۔وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستانی شہریوں کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کر کے انہیں سخت ترین سزا دیں، اور اس دلخراش واقعے کی وجوہات عوام کے سامنے لائیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صوبہ سیستان کے علاقے مہرستان میں آٹھ پاکستانی باشندوں کے بہیمانہ قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے ایرانی حدود میں پاکستانیوں کے قتل پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا عفریت پورے خطے کے ممالک کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے کی اقوام کو باہم مل کر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ اور موثر حکمت عملی اپنانی چاہیے۔

وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ پاکستانیوں کے لواحقین سے فوری رابطہ کیا جائے، اور تہران میں پاکستانی سفارتخانے کو ہدایت دی ہے کہ مقتولین کی میتیں محفوظ طور پر وطن واپس لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

ادھر دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس افسوسناک واقعے پر مکمل حقائق کی تصدیق کے بعد باضابطہ موقف پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایرانی سرزمین پر ہونے والے اس واقعے سے ہم آگاہ ہیں اور ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

ترجمان کے مطابق تہران میں پاکستانی سفارتخانہ اور زاہدان میں قونصل خانہ متعلقہ ایرانی اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ جیسے ہی مکمل معلومات حاصل ہوں گی، حکومت اس معاملے پر باقاعدہ بیان جاری کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں