سوشل میڈیا پر ہتک آمیز مہم، جے آئی ٹی نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو پھر طلب کرلیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پانچ مرکزی رہنماؤں کو سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر ہتک آمیز مہم چلانے کے کیس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے ایک بار پھر طلبی کے نوٹس جاری کر دیے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ ان رہنماؤں کو متنازع آن لائن مہم سے متعلق تحقیقات کے سلسلے میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نوٹس ضابطہ فوجداری کی دفعہ 160 کے تحت جاری کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر، عالیہ حمزہ، وقاص اکرم، محمد کامران اور فرخ حبیب کو 14 اپریل (پیر) کی صبح 11 بجے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے مرکزی دفتر میں طلب کیا گیا ہے۔

جے آئی ٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ان افراد کے بارے میں ایسے شواہد موجود ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اس معاملے میں براہ راست یا بالواسطہ طور پر ملوث ہو سکتے ہیں یا اس سے متعلق اہم معلومات رکھتے ہیں۔ اس لیے ان سے کہا گیا ہے کہ وہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو کر اپنی پوزیشن واضح کریں۔

نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام رہنماء اپنے اصل شناختی کارڈ، ممکنہ شواہد اور وضاحت کے لیے ضروری دستاویزات ساتھ لائیں۔

مزید یہ کہ انہیں متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر وہ مقررہ وقت پر پیش نہ ہوئے تو یہ سمجھا جائے گا کہ ان کے پاس صفائی کے لیے کچھ نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں