اسلام آباد ۔پاکستان کے دورے پر آئے امریکی کانگریس کے اراکین نے اپنے سفر کو نہایت کامیاب اور مستقبل کے لیے اہم قرار دیا ہے۔
پاکستان میں اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ہونے والی ملاقاتیں دونوں ممالک کے باہمی روابط کو مزید تقویت بخشیں گی۔
اس دورے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے رکن جیک وارن برگ مین نے کہا: “پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کی اہمیت کسی سے پوشیدہ نہیں، ان کی افادیت وقت کے ساتھ کم نہیں ہوگی۔ یہ تعلقات نہ صرف دونوں ممالک بلکہ دیگر ترقی پذیر خطوں کے لیے بھی سودمند ثابت ہوں گے۔”
ان کا کہنا تھا کہ ہم یہاں مخصوص شعبوں میں سرگرم عمل ہیں اور باہمی تعاون کو فروغ دے رہے ہیں، خاص طور پر معدنی وسائل کا شعبہ اس شراکت داری کا اہم جزو ہے۔ یہ کوششیں مستقبل میں ایسی مضبوط صنعتوں کی بنیاد ڈالیں گی جو عالمی سطح پر فائدہ پہنچائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کان کنی کی جدید تکنیک اور نئی مصنوعات ہمارے اقتصادی مستقبل میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ پاکستان اور امریکہ کے مابین مضبوط تعلقات اس لیے بھی اہم ہیں کہ دونوں ممالک آزادی اور خودمختاری کے اصولوں پر یقین رکھتے ہیں۔
کانگریس مین تھامس رچرڈ سوازی نے اپنی گفتگو کا آغاز “السلام علیکم” اور “شکریہ” کہہ کر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا یہ دورہ قابلِ تعریف رہا اور وہ پاکستانیوں کی مہمان نوازی کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی نژاد امریکیوں کو ایک پل کا کردار ادا کرنے والے نمائندوں کے طور پر دیکھتے ہیں، جنہوں نے امریکہ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ پاکستانی قوم نہایت محنتی، تعلیم یافتہ اور خاندانی اقدار کی حامل ہے۔ دونوں ملک مل کر معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے کوششیں کریں گے۔
کانگریس مین جوناتھن لوتھر جیکسن نے پاکستان کے دورے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ “میں نے یہاں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کو عملی طور پر مجسم پایا۔ باہمی اعتماد اور تاریخی تعلقات کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ روابط مزید مستحکم کرنے کا ایک بہترین موقع موجود ہے۔”
ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے روشن مستقبل پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے مذہبی مقامات کا دورہ کیا اور اعلیٰ حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں۔ وہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے اور اس کی ترقی و کامیابی میں کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔