ترسیلات زر کا ریکارڈ سطح پر پہنچنا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے، وزیرِاعظم

اسلام آباد ۔وزیراعظم شہباز شریف نے مارچ 2025 میں ترسیلات زر کی تاریخی سطح پر پہنچنے پر سمندر پار پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومت کی پالیسیوں پر ان کے اعتماد کا مظہر ہے۔

وزیراعظم نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ایک ماہ میں 4.1 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ترسیلات زر نے کسی ایک مہینے میں 4 ارب ڈالر کی حد عبور کی ہے۔ رواں مالی سال میں اب تک ترسیلات 28 ارب ڈالر تک جا پہنچی ہیں، جو ایک حوصلہ افزا اشارہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں مارچ 2025 میں ترسیلات زر میں 37.4 فیصد اضافہ ہوا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی معیشت پر اعتماد ہے اور وہ اپنی محنت کی کمائی وطن بھیج کر ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں جاری اوورسیز پاکستانیز کنوینشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے موقع پر یہ خوشخبری آنا سمندر پار پاکستانیوں کی محبت، وابستگی اور قربانیوں کا اعتراف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارے سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، جو اپنی انتھک محنت سے نہ صرف وطن کا نام روشن کرتے ہیں بلکہ ترسیلات زر کے ذریعے معیشت کو سہارا دیتے ہیں۔ پوری قوم، بشمول خود وزیراعظم، اپنے ان محنت کشوں پر فخر کرتی ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور آئندہ بھی ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں