اسپیس ایکس کا ایک اور کامیاب مشن، تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے نئی سیٹلائٹس مدار میں بھیج دی گئیں
انٹرنیٹ خدمات کو مزید بہتر بنانے کی کوششوں کے تحت اسپیس ایکس نے ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے سیٹلائٹس کی نئی کھیپ خلا میں روانہ کر دی ہے۔
پیر کی صبح، فلوریڈا کے کیپ کیناویرل اسپیس فورس اسٹیشن سے فالکن 9 راکٹ کو روانہ کیا گیا، جو 27 اسٹارلنک سیٹلائٹس اپنے ساتھ لے کر خلاء کی جانب روانہ ہوا۔ یہ پرواز خلائی لانچ کمپلیکس 40 سے دوپہر 12 بجے ای ڈی ٹی کے وقت عمل میں آئی۔
اس مشن کا بنیادی مقصد ان سیٹلائٹس کو زمین کے نچلے مدار میں تعینات کرنا ہے تاکہ عالمی سطح پر صارفین کو تیز، قابل بھروسا اور کم تاخیر والا انٹرنیٹ فراہم کیا جا سکے۔
راکٹ کے پہلے مرحلے کا بوسٹر کامیابی کے ساتھ واپس زمین پر اترا، جو اپنی 27 ویں پرواز پر تھا۔ یہ بوسٹر بحر اوقیانوس میں موجود اسپیس ایکس کے ڈرون شپ “جسٹ ریڈ دی انسٹرکشنز” پر بحفاظت لینڈ کر گیا۔