“غصے میں دروازے اور کھڑکیاں تک توڑ دیتی ہوں”: حرا مانی کا انکشاف

معروف اداکارہ اور میزبان حرا مانی نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی مزاجی کمزوری کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے غصے پر قابو پانا مشکل لگتا ہے، اور یہی کیفیت اکثر گھریلو نقصان کا باعث بن جاتی ہے۔

انٹرویو کے دوران حرا نے بتایا کہ جب وہ شدید غصے کی حالت میں ہوتی ہیں، تو گھر کے دروازے، کھڑکیاں اور حتیٰ کہ تالے بھی ان کے غصے کی زد میں آجاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا: “میں کبھی کبھی اتنی مشتعل ہو جاتی ہوں کہ دروازوں کے لاک تک توڑ ڈالتی ہوں، اور مجھے اپنی یہی عادت بہت پریشان کرتی ہے۔”

اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ ان کے غصے کی ایک بڑی وجہ “فارغ وقت” ہے۔ ان کے مطابق، جب وہ مصروف نہ ہوں تو انہیں بےچینی محسوس ہوتی ہے، جو بالآخر غصے میں بدل جاتی ہے۔ “مجھے خالی بیٹھنا بالکل اچھا نہیں لگتا، اسی لیے جب کام نہ ہو تو طبیعت بگڑ جاتی ہے،” حرا نے وضاحت دی۔

ان کے شوہر، سلمان ثاقب (مانی)، اس صورتحال کو سمجھتے ہوئے اکثر مشورہ دیتے ہیں کہ حرا کام میں مصروف رہیں تاکہ اس مزاجی اتار چڑھاؤ سے بچا جا سکے۔

سوشل میڈیا پر اس اعتراف پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا۔ کئی صارفین نے حرا مانی کی ایمانداری کو سراہتے ہوئے کہا کہ “اپنی خامی کو قبول کرنا بڑا پن ہے، اور اب وقت ہے کہ وہ اس پر قابو پانے کے لیے عملی قدم اٹھائیں۔”

دوسری جانب کچھ افراد نے حرا کو تنقید کا نشانہ بنایا، جب کہ کچھ نے ہلکے پھلکے انداز میں مانی سے ہمدردی کرتے ہوئے لکھا: “مانی بھائی! آپ واقعی حوصلہ مند انسان ہیں!”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں