کوئٹہ۔بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ایک ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں بلوچستان کانسٹیبلری (بی سی) کے 3 اہلکار شہید اور 19 زخمی ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکا دشت روڈ پر کھنڈ مہسوری کے قریب اس وقت پیش آیا جب بلوچستان کانسٹیبلری کا ٹرک گزر رہا تھا، جسے نشانہ بنایا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے لیے موٹر سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب کانسٹیبلری کے اہلکار پولیس ٹرک میں سوار ہو کر ڈیوٹی سے واپس آ رہے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق، دھماکے کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہوئے جبکہ 19 زخمی ہیں۔ شہداء کے جسدِ خاکی کو ضابطے کی کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حکومت بلوچستان کے ترجمان، شاہد رند، نے بتایا کہ آر ٹی سی قلات سے واپس آنے والے پولیس اہلکاروں کے ٹرک کو دہشتگردوں نے آئی ای ڈی دھماکے سے نشانہ بنایا، جس میں بلوچستان کانسٹیبلری کے 3 جوان شہید ہوئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ زخمیوں میں سے دو اہلکاروں کی حالت نازک ہے، تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ شدید زخمیوں کو کوئٹہ ریفر کیا جا رہا ہے۔