وزیر اعظم شہباز شریف کا اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خصوصی عدالتوں کے قیام کا اعلان

اسلام آباد ۔وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے  اوورسیز پاکستانی کیلئے خصوصی عدالتوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ  دنیا بھر میں ہمارے سفیر ہیں، ان کے جائز مطالبات پورے کیے جائیں گے۔

اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سمنر پار پاکستانیوں کی کنونشن میں شرکت کو سلام پیش کرتا ہوں، تارکین وطن ملک سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے  کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی محنت، جذبے اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، اور اس بات کا ذکر کیا کہ دنیا بھر میں ایک کروڑ سے زائد پاکستانی مختلف ممالک میں مقیم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کی گئی ہیں، اور پنجاب میں بھی ان عدالتوں کے قیام کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے اپنی محنت، لگن اور قربانیوں سے عالمی سطح پر اپنے لیے ایک مقام بنایا ہے، آپ ہمارے فخر اور دنیا بھر میں ہمارے نمائندے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کا دل ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے، اور وہ اپنی محنت سے حلال رزق کما رہے ہیں۔ آپ لوگ ملک کا فخر ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں کوئی بھی پاکستان کو میلی نظروں سے نہیں دیکھ سکتا۔ آرمی چیف کی باتیں ان کے دل کی عکاسی کرتی ہیں، اور سب جانتے ہیں کہ دہشت گردوں کی فنڈنگ کہاں سے ہو رہی ہے اور دہشت گردی کا نیٹ ورک کہاں پھیلتا ہے۔ 2018 میں ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا چکا تھا، اور سپہ سالار عاصم منیر ایک سچے پاکستانی اور بے مثال پروفیشنل ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہے، اور ہماری افواج اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے قوم کے مستقبل کو محفوظ بنا رہی ہیں۔ ماضی میں کی جانے والی غلطیوں کی وجہ سے دہشت گردی کا دوبارہ سامنا کرنا پڑا، اور سوات و دیگر علاقوں سے دہشت گردوں کو پاکستان لایا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں