وزیراعظم کا پٹرول کی قیمت کا فائدہ عوام کو دینے کے بجائےبلوچستان کی شاہراہوں کی تعمیر کا اعلان

اسلام آباد۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری ہے، اور اس کے نتیجے میں آج پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی واقع ہونے والی ہے، تاہم اس وقت اس کمی کا براہِ راست فائدہ عوام کو منتقل نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ بچت عوامی بہبود اور مسائل کے حل کے لیے استعمال کی جائے گی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چند روز قبل صدر مملکت علیل تھے، میں نے ان کی خیریت دریافت کی، اور اب وہ الحمدللہ صحتیاب ہو چکے ہیں اور گھر واپس جا چکے ہیں۔

انہوں نے ایران کے صوبہ سیستان میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، جس میں آٹھ پاکستانیوں کو شہید کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے پر ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ ہوا ہے، اور امید ظاہر کی کہ ایرانی حکومت جلد از جلد مجرموں کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لائے گی۔

وزیراعظم نے بجلی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق بھی اظہارِ خیال کیا، ان کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ، سیکرٹری پاور اور دیگر متعلقہ حکام کی کوششوں سے ملک بھر میں بجلی کی قیمت میں ساڑھے سات روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے۔ ان کے مطابق یہ ایک بڑا چیلنج تھا، لیکن اللہ کے فضل سے حکومت نے اس میں کامیابی حاصل کی اور قوم کو عید کے موقع پر ایک تحفہ دیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں دوبارہ کم ہوئی ہیں، جو ممکنہ طور پر یوکرین کی جنگ میں ممکنہ پیش رفت یا اقتصادی پابندیوں میں نرمی کی وجہ سے ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج 15 اپریل کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کا اعلان متوقع ہے، لیکن ہم نے اس بچت کو عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ لوگوں کے مسائل کو کم کیا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے علاقوں کراچی، قلات، خضدار، کوئٹہ اور چمن کو ملانے والے سنگل روڈ کو “خونی سڑک” کہا جاتا ہے، کیونکہ یہاں حادثات کی شرح زیادہ ہے، اور اسے مکمل کرنے کے لیے فنڈز درکار ہیں۔

آخر میں وزیراعظم نے بتایا کہ خیبر پختونخوا سے سکھر تک ایک معیاری موٹروے بن چکی ہے، اور اب سکھر سے حیدرآباد اور پھر کراچی تک موٹروے (ایم-6 اور ایم-9) تعمیر ہونے جا رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ بھی شفاف انداز میں مکمل ہوگا، جیسے سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں دیگر موٹرویز بنائی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں