پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 65 رنز سے شکست دیدی

لاہور۔ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے چھٹے میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 65 رنز سے واضح شکست دے دی۔

لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز کا بڑا ہدف ترتیب دیا۔ قلندرز کی جانب سے فخر زمان نے شاندار 77 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ ڈیرل مچل نے 75 رنز کے ساتھ بہترین ساتھ نبھایا۔ دیگر بیٹرز میں سیم بلنگز 19، محمد نعیم 7، عبداللہ شفیق 6 اور رشاد حسین 2 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ سکندر رضا 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عباس آفریدی نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں کراچی کنگز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ خوشدل شاہ 39 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بیٹر رہے، حسن علی نے بھی 27 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود اور ٹِم سائفرٹ نے 18، 18، ایڈم ملن نے 16، عرفان خان نے 6 اور عباس آفریدی نے 1 رن اسکور کیا۔ کپتان ڈیوڈ وارنر، جیمز ونس اور عرفات منہاس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

لاہور قلندرز کی بولنگ بھی قابل تعریف رہی۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی اور رشاد حسین نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، سکندر رضا نے 2 جبکہ حارث رؤف اور آصف آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس فتح کے بعد لاہور قلندرز پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، جبکہ کراچی کنگز کے لیے یہ شکست ایک بڑا دھچکا ثابت ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں