بھارتی نژاد برطانوی ماہرِ امراضِ گردہ، ڈاکٹر ممتاز پٹیل، برطانیہ کے باوقار ادارے “رائل کالج آف فزیشنز” (RCP) کی 123ویں صدر منتخب ہوگئی ہیں، اور اس کے ساتھ ہی وہ اس ادارے کی پہلی مسلم اور ایشیائی خاتون صدر بننے کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، ممتاز پٹیل کو عالمی سطح پر 40 ہزار سے زائد ارکان پر مشتمل اس تاریخی طبی ادارے کی سربراہی کا موقع ملا ہے، جو کہ برطانیہ میں ایک نہایت اعلیٰ اور مؤثر منصب تصور کیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر ممتاز پٹیل شمال مغربی انگلینڈ کے علاقے لینکا شائر میں پیدا ہوئیں، جہاں ان کے والدین بھارت سے ہجرت کر کے آ بسے تھے۔ موجودہ وقت میں وہ مانچسٹر میں خدمات انجام دے رہی ہیں اور پیشہ ورانہ طور پر گردوں کی بیماریوں کی ماہر ہیں۔
ان کی کامیابی اس لیے بھی تاریخی ہے کیونکہ وہ آر سی پی کے 500 سالہ سفر میں پہلی ایشیائی مسلم صدر ہیں، اور اس ادارے کی صرف پانچویں خاتون صدر بھی بن گئی ہیں۔ ان کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل پیر کے روز مکمل ہوا، جبکہ ان کی باقاعدہ مدتِ صدارت کے آغاز کی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔
صدر منتخب ہونے پر ڈاکٹر ممتاز پٹیل نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “میں آر سی پی کو ایک مثالی ادارہ بنانے کے لیے پوری لگن اور جوش سے کام کروں گی۔ ہمارے ارکان کی حمایت کے ساتھ، ہم اپنے مریضوں کو معیاری اور مؤثر طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہیں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی دو دہائیوں پر مشتمل پیشہ ورانہ وابستگی اور تجربے کو ادارے کی بہتری کے لیے استعمال کریں گی۔
ممتاز پٹیل کو جون 2025 میں قائم مقام صدر مقرر کیا گیا تھا، اس کے علاوہ وہ سینئر سینسر اور نائب صدر برائے تعلیم و تربیت کے فرائض بھی انجام دے رہی تھیں۔ اب وہ آر سی پی کونسل کی سربراہ اور بورڈ آف ٹرسٹیز کی رکن کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
رائل کالج کی بورڈ چیئر، ڈاکٹر ڈیانا ویلفرڈ نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “ڈاکٹر ممتاز پٹیل ایک نازک دور میں کالج کی قیادت سنبھال رہی ہیں، اور مجھے یقین ہے کہ وہ اپنی دیانت داری اور قیادت کی صلاحیتوں سے ادارے کو مزید مستحکم بنائیں گی اور ہمارے ارکان کا اعتماد حاصل کریں گی۔”