راولپنڈی ۔اڈیالہ جیل میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات نہ کروانے کا معاملہ ایک مرتبہ پھر اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر غور آ گیا ہے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز جیل حکام کے خلاف توہین عدالت کی نئی درخواست لے کر اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے۔ پی ٹی آئی کے دونوں رہنماؤں نے بائیومیٹرک تصدیق کے بعد باضابطہ طور پر درخواست دائر کی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی عمر ایوب اور شبلی فراز کی جانب سے عدالتِ عالیہ میں توہین عدالت کی درخواست جمع کرائی گئی تھی، جس میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بینچ کی جانب سے جاری حکم کے باوجود عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ تاہم، سابقہ درخواست تاحال سماعت کے لیے مقرر نہیں ہو سکی۔
اس موقع پر عمران خان کی بہن علیمہ خان اور عظمیٰ خان بھی عدالت پہنچی ہیں، جبکہ تحریک تحفظ آئین کے رہنما اخونزادہ حسین بھی ہائیکورٹ میں موجود تھے۔