پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلے؛ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی خصوصی شرکت

راولپنڈی ۔پاکستان آرمی کی میزبانی میں آٹھویں انٹرنیشنل ٹیم اسپرٹ (PATS) مشق 14 سے 18 اپریل 2025 تک خریال گیریژن میں کامیابی سے منعقد ہوئی، جس کا مقصد مختلف ممالک کی افواج کے درمیان پیشہ ورانہ مہارتوں کے تبادلے کو فروغ دینا اور جدید جنگی صلاحیتوں کو نکھارنا تھا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر تھے۔

یہ 60 گھنٹے طویل کڑی پیٹرولنگ مشق نہ صرف جسمانی برداشت بلکہ ذہنی مہارتوں کا امتحان بھی تھی، جس میں پاکستان آرمی کی سات ٹیموں اور پاکستان نیوی کی ایک ٹیم کے علاوہ 15 دوست ممالک کی افواج کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ شرکت کرنے والے ممالک میں بحرین، بیلاروس، چین، سعودی عرب، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، امریکہ اور ازبکستان شامل تھے، جبکہ بنگلہ دیش، مصر، جرمنی، کینیا، میانمار اور تھائی لینڈ نے بطور مبصر مشق کا مشاہدہ کیا۔

یہ مشق پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں میں کی گئی، جو مشکل اور چیلنجنگ ماحول فراہم کرتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، وقت کے ساتھ ساتھ PATS عالمی سطح پر ایک سنجیدہ اور اعلیٰ معیار کی فوجی مشق کے طور پر پہچانی جانے لگی ہے۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام شرکاء کی مہارت، جذبے اور عزم کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی مشقیں نہ صرف مختلف افواج کے درمیان تعاون کو فروغ دیتی ہیں بلکہ باہمی سیکھنے کے مواقع بھی فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے PATS کو ایک ایسا مؤثر پلیٹ فارم قرار دیا جو جنگی حکمت عملی اور ٹیم ورک کو یکجا کرتا ہے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان آرمی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے کردار، حوصلے اور مہارت کو عملی طور پر ثابت کیا ہے، جو کسی بھی پیشہ ور فوج کی بنیادی خوبیاں ہیں۔

اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیموں اور افسران کو انعامات دیے گئے۔ اس موقع پر بین الاقوامی مبصرین اور مختلف ممالک کے دفاعی اتاشیوں نے بھی تقریب میں شرکت کی اور مشق کے اعلیٰ معیار اور انتظامات کی تعریف کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں