وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال اور پاکستان میں تعینات مصری سفیر کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے مشترکہ اقدامات پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر تکنیکی تعاون اور طبی شعبے کی ترقی سے متعلق مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارتِ صحت کے ترجمان نے بتایا کہ بہت جلد مصری ماہرین کا ایک وفد پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ ہیپاٹائٹس سی کے خلاف مہم میں پاکستان کی مدد کر سکے۔
ترجمان کے مطابق، اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے صحت کے میدان میں دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر بھی گفتگو کی۔
وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے مصر کی جانب سے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے میں حاصل کی گئی کامیابی کو سراہا اور مصری سفیر کو وزیرِ اعظم پاکستان کے اس حوالے سے پروگرام اور اس کی مثبت پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
مصری سفیر نے پاکستان کی جانب سے مصر کے ماڈل کو اپنانے پر خوشی کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں پاکستان کو تکنیکی مدد، تربیتی پروگراموں اور عوامی آگاہی مہمات میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں مصری ماہرین پر مشتمل ایک وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے اس تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مصر کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر اپنی کوششوں کو مزید مؤثر بنائے گا۔