اسلام آباد۔اسلام آباد ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی سفارت کاری کا مرکز بنتا جا رہا ہے، جہاں اس وقت مختلف ممالک کے اعلیٰ حکام کے دورے جاری ہیں۔ افریقی ملک روانڈا کے وزیر خارجہ، اولیور پی جے، چار روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ چکے ہیں، جبکہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ بھی آج شام اسلام آباد آمد متوقع ہے۔
روانڈا کے وزیر خارجہ کے خیرمقدم کے لیے دفتر خارجہ کے افریقہ ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل، حسنین یوسف، اسلام آباد ایئرپورٹ پر موجود تھے، جب کہ پاکستان میں روانڈا کی ہائی کمشنر بھی استقبال کے لیے موجود رہیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق روانڈا کے وزیر خارجہ اس دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے، تجارتی مواقع بڑھانے، تعلیمی اشتراک اور ترقیاتی تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ان کی ملاقاتیں وزیر خارجہ، وزیر تجارت سمیت دیگر اہم حکومتی شخصیات سے متوقع ہیں۔
ادھر متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ بھی ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ آج شام پاکستان پہنچیں گے۔ ان کے دورے کا مقصد پاکستان اور یو اے ای کے درمیان معاشی، تجارتی اور علاقائی روابط کو مزید مضبوط کرنا ہے۔