امریکی کانگریس مین کا ایک بار پھر عمران خان کی رہائی کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان کا حالیہ دورہ مکمل کر کے واپس جانے والے امریکی کانگریس مین جیک برگمین نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ دہرایا ہے۔

منگل کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” پر جاری کیے گئے بیان میں برگمین نے کہا کہ انہوں نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران مختلف سیاسی قائدین اور معاشرتی طبقات سے روابط قائم کیے، اور انہی ملاقاتوں کے بعد وہ ایک بار پھر عمران خان کی رہائی کی اپیل کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کی بنیاد مشترکہ اقدار پر ہے، جیسے جمہوریت، انسانی حقوق اور اقتصادی ترقی، اور انہی اصولوں کو آگے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا، “آئیے آزادی، استحکام اور خوشحالی کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دیں۔”

جیک برگمین، جو امریکی میرین کور کے ریٹائرڈ جنرل بھی ہیں، اس وقت امریکی کانگریس کی ہاؤس آرمڈ سروسز کمیٹی کا حصہ ہیں۔ ان کا تعلق ریپبلکن پارٹی سے ہے، جو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاسی جماعت ہے۔

اپنے دورہ پاکستان کے دوران، اپریل میں جیک برگمین نے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں بھی کیں، جن میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقاتیں شامل تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں