خیبرپختونخوا میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا ہے، جس کے بعد صوبے میں رواں سال رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد دو ہو گئی ہے۔
محکمہ صحت پشاور کے مطابق، نیا کیس ضلع تورغر کی تحصیل کنڈر کی یونین کونسل منجاکوٹ سے سامنے آیا ہے، جہاں 11 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ قومی ادارہ صحت نے بھی وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بچے کو پولیو سے متاثرہ قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں اس سے قبل رواں سال کا پہلا کیس جنوری میں ڈیرہ اسماعیل خان سے رپورٹ ہوا تھا۔
ملک گیر سطح پر اگر جائزہ لیا جائے تو رواں سال پاکستان میں اب تک پولیو کے مجموعی طور پر 7 کیسز سامنے آچکے ہیں، جن میں سے 4 سندھ، 2 خیبرپختونخوا اور ایک کیس پنجاب سے رپورٹ ہوا ہے۔