پاک بھارت کشیدگی کے پیشِ نظر ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پہلگام میں پیش آنے والے واقعے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے تناظر میں حکومت نے پیٹرول، ڈیزل اور جیٹ فیول کا مناسب ذخیرہ کرنے کے احکامات دیے ہیں۔
ان ہدایات کے تحت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریز کو کہا گیا ہے کہ وہ ڈیزل اور ہوابازی کے ایندھن کی دستیابی ہر صورت ممکن بنائیں، جب کہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) سمیت دیگر درآمدی کمپنیوں کو بھی تیل کی بروقت درآمد یقینی بنانے کی تلقین کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آئل نے پی ایس او اور دیگر آئل کمپنیوں کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی ہیں۔ پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں اس وقت جیٹ فیول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل سمیت دیگر مصنوعات کی مناسب مقدار موجود ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ڈی جی آئل کی جانب سے ہدایات موصول ہونے کے بعد ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات بھی کر لیے گئے ہیں، تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال میں تیل کی سپلائی متاثر نہ ہو۔